پٹنہ ہ14فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بہار میں ضمنی انتخابات ہونے والے ہیں، مگر اس سے پہلے ہی راشٹریہ جنتا دل اور کانگریس میں سیٹوں کی تقسیم کو لے کرکھینچاتانی دیکھنے کو مل رہی ہے۔دراصل، بہار میں اگلے ماہ تین سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں تال میل کو لے کر آر جے ڈی اورکانگریس کے درمیان تکرار پیدا ہو گئی ہے۔ذرائع کی مانیں تو کانگریس بھبھوا اسمبلی سیٹ پر اپنا دعویٰ بتارہی ہے تو آر جے ڈی نے کہا ہے کہ وہ تینوں سیٹوں پرالیکشن لڑے گی۔آر جے ڈی کے سیکرٹری جنرل بھولا یادو نے کہا کہ بھبھوا میں راشٹریہ جنتادل کی مضبوط پکڑ ہے اور اس سیٹ پر آر جے ڈی یا اس کے شراکت داروں نے کئی بار کامیابی حاصل کی ہے۔کانگریس پارٹی اراکین کے لیڈر سدانند سنگھ نے کہاکہ میں پارٹی اعلی کمان سے درخواست کرنا چاہوں گا کہ بھبھوا اپنا امیدوار اتارنے کے بارے میں فیصلہ کرے۔ریاست میں ارریہ لوک سبھا سیٹ اور جہان آباد اور بھبھوا اسمبلی سیٹوں پر 11مارچ کو ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔